حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،جامعہ روحانیت بلتستان پاکستان کی جانب سے قم المقدسہ میں جشن آزادی پاکستان کی مناسبت سے ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں مقررین کے علاوہ چلڈرن افیئر شعبہ کے بچوں نے ملی ترانہ پیش کیا۔
اس پروگرام کے خطیب جناب حجت الاسلام سید عباس الحسینی نے آج کی اہم دو مناسبتیں یوم مباہلہ اور جشن آزادی ملک خداداد پاکستان کے سلسلے میں اظہار خیال کیا اور بچوں نے ملی نغمے پیش کئے۔ جامعہ روحانیت بلتستان کے صدر حجت الاسلام سید احمد رضوی نے کہا کہ زندہ قومیں اپنے ملک کی آزادی کا جشن تجدید عہد کے ساتھ سجدہ شُکر ادا کرکے مناتی ہیں۔ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور دوسری بزرگ شخصیات کی جدوجہد اور سربکف مجاہدین کی قربانیوں سے ہمیں یہ آزادی نصیب ہوئی ہے۔
جشن آزادی یعنی یوم عہد جس میں ہر محب وطن نے اس بات کا عہد کرنا ہے کہ ہم اس پرچم کی طرح اس وطن عزیز کو بھی عروج و ترقی کی بلندیوں تک پہنچائیں گے۔
صدر جامعہ روحانیت بلتستان پاکستان حجت الاسلام و المسلمین سید احمد رضوی نے مزید کہا کہ ہم المصطفیٰ انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی قم میں زیر تعلیم پاکستانی طلباء، خاص طور سے گلگت بلتستان کے طلباء، اسلامی جمہوریہ پاکستان کے (73) یوم آزادی کے پرمسرت موقع پر مسلمانان عالم اور خاص طور پر پاکستانی قوم کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔
جمہوری اسلامی ایران میں مقیم پاکستانی شہری پاکستان کے چوہترویں یوم آزادی کے عید مباہلہ کے ساتھ تقارن کو نیک شگون سمجھتے ہوئے اس موقع پر ایک مرتبہ پھر وطن عزیز کے ساتھ تجدید عہد کا اعلان کرتے ہیں اور اس بات کی امید کا اظہار کرتے ہیں کہ آئینی حقوق کے انتظار میں اپنی جانوں کی قربانیاں پیش کرنے والے اہل گلگت بلتستان کو آئینی حیثیت کے تعین کا دن بھی دیکھیں گے۔ بارگاہ رب العزت میں دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ ہمارے وطن کو تا ابد شاد و آباد رکھے۔ آخر میں صدر جامعہ روحانیت بلتستان پاکستان نے بارہ نکات پر مشتمل قرارداد پیش کی۔